لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف ضمانت پر رہا ہونے کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے اپنے گھر جاتی امراء پہنچ گئے۔
عدالتی روبکار جیل انتظامیہ کو جمع کرانے کے بعد سابق وزیراعظم کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا تو اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جاتی امراء میں اپنے بھائی نواز شریف کو گلے لگا کر استقبال کیا، حمزہ شہباز اور دیگر عزیز و اقارب نے مصافحہ کیا۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ روز نواز شریف کو 6 ہفتوں کے لیے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم وہ بیرون ملک نہیں جاسکتے۔
نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے، انہیں 24 دسمبر 2018ء کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔