لاہور: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور دھماکا خود کش ہے، ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے لاہور دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹس شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خود کش حملہ تھا اور اس حملے میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو ٹارگٹ کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، جس طرح کڑیاں ملتی جائیں گی تحقیقات میں پیش رفت ملے گی۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ دوبارہ ایسے واقعات کا ہونا بد قسمتی ہے، ہمیں سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی، سیکورٹی پالیسی پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی کو بہتر بنانے کی گنجایش ہمیشہ رہتی ہے، سیکورٹی معاملات میں لوپ ہولز بند کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کے بعد سے تحقیقاتی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ آج لاہور میں داتا دربار کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 5 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے ہیں۔
ایلیٹ فورس کی گاڑی داتا دربار کے گیٹ نمبر 2 پر کھڑی تھی، خود کش حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔