وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ ن لیگی کرپشن چھپانے کیلئے معزز اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی سزا یافتہ جلسے کر رہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات صمصام بخاری نے مریم نواز کے منڈی بہاو الدین میں ہونے والے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے مفرور بھائی عدالت میں یش نہیں ہوتے، مریم نواز خود سزا یافتہ ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی سزا یافتہ جلسے کر رہا ہے،تاہم حکومت نے مسلم لیگ ن کو جلسے سے پھر بھی نہیں روکا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے بانی ایم کیوایم کی لائن پکڑلی ہے، یہ لوگ کرپشن چھپانے کیلئے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، رانا ثناء کے خلاف پہلی ایف آئی آر ن لیگ نے درج کرائی، یہ لوگ اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جعلی ویڈیوعدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے، یہ ن لیگ کی روایت ہے کہ وہ اداروں پر الزام تراشی کرتی ہے۔
مریم نواز کی پریس کانفرنس کے ذکر پر وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پوری پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف خاموش رہے اور مریم نواز بولتی رہیں، پریس کانفرنس میں شہباز شریف پریشان نظر آئے، مسلم لیگ ن میں تخت کی جنگ چل رہی ہے، نیوز کانفرنس میں پارٹی صدر کو سائیڈ لائن کیا گیا۔