جمعہ, 22 نومبر 2024


اکبر بگٹی ایکسپریس حادثےکاذمہ دار کون؟ ابتدائی رپورٹ آگئی

لاہور: اکبر بگٹی ایکسپریس حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
 
گزشتہ روز رحیم یار خان میں اکبر بگٹی ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
 
حادثے کی ابتدائی رپورٹ ریلوے کے شعبہ ٹریفک، ٹرین فٹنس اور سگنل سسٹم انسپکٹرز نے مرتب کی ہے جس میں ٹرین ڈرائیور مقصود احمد اور اسسٹنٹ ڈرائیور ارسلان کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے
 
رپورٹ میں کہا گیا کہ ولہار اسٹیشن کے عملے نے 11 جولائی کو مال گاڑی 502 ڈاؤن کو صبح 4 بجکر 15 منٹ پر لوپ لائن نمبر 4 پر کھڑا کیا جب کہ اکبر بگٹی ایکسپریس کے لیے لائن نمبر 3 کا روٹ بناتے وقت کانٹا پھنس کر رہ گیا۔
 
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکبر ایکسپریس کو روکنے کے لیے اسٹیشن سے 400 میٹر دور آؤٹر سگنل سرخ کیا گیا۔
 
رپورٹ کے مطابق اکبر ایکسپریس کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور نے صبح 4 بجکر 32 منٹ پر سرخ آؤٹر سگنل نظر انداز کیا جس کے نتیجے میں اکبر ایکسپریس لوپ لائن نمبر 4 پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک مسافر ٹرین سامنے کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment