لاہور: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ حکومت تاجروں سے رابطے میں ہے، بات چیت سے تمام خدشات دور کریں گے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے پاکستان بھر میں کی جانے والی تاجروں کی ہڑتال کا بائیکاٹ کرنے اور پاکستان کا ٹیکس کلچر تبدیل کرنے میں حکومت کا ساتھ دینے والے تاجروں کو سراہا۔
حماد اظہر نے کہا کہ کاروبار کی ڈاکو منٹیشن کیلئے حکومت تاجر تنظیموں سے رابطے میں ہے۔تاجر برادری کی بڑی تعداد نے ہڑتال کی کال کو رد کر کے محب وطنی کا ثبوت دیا۔
انہوں نے کہا کہ بتایا کہ کاروبار کی ڈاکو منٹیشن کے لیے حکومت تاجر تنظیموں سے رابطے میں ہے، بات چیت سے تمام خدشات دور کریں گے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ سسلین مافیا جسے منی لانڈرنگ ، جعلی کاغذات، رشوت اور ججز کو دباﺅمیں لانا ورثے میں ملا ہے۔ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں ٹیکس چوری اور بلیک اکانومی کی حمایت جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہمیں تاجروں کی مشکلات کو دیکھنا ہے اور حکومت اصلی تاجروں کو اپنا شراکت دار سمجھتی ہے ان کے لیے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایک تاجر پیشہ جماعت سیاست میں آئی ہی اس لیے تھی کہ وہ تجارت کرسکیں۔