لاہور : پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے سولو فلائٹ کا فیصلہ کیا ہے، اے پی سی کی روشنی میں مولانا کا فیصلہ ٹھیک ہے، پیپلزپارٹی سندھ سے دوبارہ جلسوں کا آغاز کرے گی۔
حکومت کیخلاف احتجاج کا تمام اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا تھا لیکن اپوزیشن نے مشترکہ اور متفقہ فیصلہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سولو فلائٹ کا فیصلہ کیا ہے، اے پی سی کی روشنی میں مولانا کا فیصلہ ٹھیک ہے، پیپلزپارٹی خود بھی رواں ماہ سے مارچ کا سلسلہ شروع کر رہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں قمرزمان کائرہ نے کہا کہ جے یو آئی کے مارچ میں بھی شامل ہوسکتے ہیں، تاہم پیپلزپارٹی دھرنے کے خلاف ہے کیونکہ یہ ملک دھرنوں سے ڈسا ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مذہبی ایشوز کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرے گی، ہم مذہب کارڈ کے استعمال کے خلاف ہیں، پیپلزپارٹی رواں ماہ ہی سندھ سے مارچ کا آغاز کرے گی۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے ماہ اکتوبر میں آزادی مارچ کا اعلان کیا ہے، ن لیگ کے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمن کے اکتوبر میں اعلان کردہ آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ مارچ میں عملی شرکت کیلئے جے یو آئی ف سے مشاورت کریں گے، تاہم آزادی مارچ میں شرکت کا حتمی فیصلہ نوازشریف سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔