ایمز ٹی وی (لاہور) لاہورہائیکورٹ کی جانب سے گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے جرم میں گلو بٹ کی سزا کے خلاف دائر درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گلو بٹ کی جانب سے لاہورہائیکورٹ میں سزا کے خلاف دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ میرے ڈنڈے سے کسی کا جانی نقصان نہیں ہوا صرف گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے ہیں اور گاڑیوں کے شیشے توڑنے پر 11 سال کی سزا انصاف کے منافی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا جرم چھوٹا لیکن اس کی سزا بڑی دی گئی ہے اس لئے سزا میں کمی کی جائے۔ دوسری طرف گلو بٹ کے دستخط نہ ہونے پرعدالت نے درخواست واپس کرتے ہوئے گلو بٹ کے وکیل کو اپنا تصدیق شدہ وکالت نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی ۔ یاد رہے کہ 17 جون کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں شہریوں کے املاک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے مجرم گلو بٹ کو 11 سال 3 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔