ایمزٹی وی(لاہور) سانحہ اے پی ایس پشاور کی یاد میں گیریژن اکیڈمی لاہور میں تقریب ہوئی۔ معصوم طلبہ نے سفاک دہشت گردوں کی بندوقوں اور بموں کا مقابلہ علم اور قلم کی طاقت سے کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق لہو گرما دینے والے نغموں اور ترانوں کے ذریعے شہداءاے پی ایس کی قربانی کو یاد کیا گیا۔اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی‘ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمرفاروق برکی‘ میجر جنرل ریٹائرڈ لیاقت علی اور دیگر شرکاءتقریب نے پھولوں کے نذرانے سے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے اپنے خطاب میں جہاں شہداءکی عظیم قربانی کو یاد کیا وہیں یہ یقین دہانی کروائی کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ تقریب میں شہید بچوں کی مغفرت اور بلند درجات کےلئے خصوصی دعابھی کی گئی اور اختتام قومی ترانے سے کیا گیا۔