ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ قتل عام ہے، جس طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کو تیار نہیں اسی طرح کی صورت حال بلوچستان میں ہے۔ ایسی صورتحال میں ریاست پاکستان کو بچانے کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ یہ ہے کہ قاتلوں اور ان کے سرپرستوں اور محافظوں کے اقتدار کا خاتمہ ہوجائے۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں کہ ہم ایسے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے جو پاکستان کے خلاف نہیں، انہوں نے دہشتگردوں کو حمایتی اور غیر حمایتی بنیادوں پر تقسیم کررکھا ہے۔ اس طریقے سے انہوں نے آدھے دہشتگردوں کی حمایت کا اعلان کردیا ہے اور آپریشن ضرب عضب کو ناکام کرنے کی ایک مرتبہ پھر سازش کی ہے۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب کی پشت پر عین اس وقت چھرا گھونپا ہے جب پاک فوج کے سربراہ امریکا کے دورے پر دہشتگردوں کے خاتمے کے حوالے سے مذاکرات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے جوڈیشل کمیشن نے پنجاب حکومت کو مجرم قراردیا لیکن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ منظرعام پر نہ لانے کے لئے حکومت نے حکم امتناعی لیا، ڈاکٹر طاہر القادری کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے تھر اور پنجاب میں تھل میں موت کا کھیل جاری ہے اور دونوں صوبوں میں مک مکا کی حکومتیں قائم ہیں، ان کی بنیاد عوام کی فلاح کے بجائے کرپشن ہے، اس لئے وہ اپنی سیاسی جنگ اس ظالم نظام اور حکومت کے خاتمے تک جاری رکھیں گے۔ ہم اپنی منزل سے نہیں ہٹے اور نہ ہی ہٹیں گے، ہماری منزل انقلاب اور اس ملک کے عوام کی تقدیر کو بدلناہے۔