ھفتہ, 23 نومبر 2024


حکومتی رٹ کوچیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا

ایمز ٹی وی (جامشورو) جامشورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کی اجازت ہے، تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے میں شامل ہونے والے قافلوں سے مکمل تعاون کیا جائے گا اور انہیں سندھ میں کسی بھی جگہ روکنے کے لئے سڑکیں بند نہیں کی جائیں گی لیکن مظاہرین کو بھی چاہئے کہ وہ کسی کو نقصان پہنچائے بغیر اپنا مقصد پورا کریں ۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سندھ کی قیادت سے رابطہ کرکے بتایا گیا ہے کہ اگر سندھ میں احتجاج کرنا ہے تو وہ پرامن طریقے سے ہونا چاہئے کسی فرد کو بھی سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں وفاقی حکومت کو اس معاملے کا سیاسی حل نکالنا چاہئے ملک میں جمہوری دور میں سب کو احتجاج کا حق ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم پر صوبے میں بدامنی پھیلانے کا الزام سراسر غلط ہے ہم اقتدار میں رہتے ہوئے اپنے ہی صوبے میں بدامنی کیسے پھیلا سکتے ہیں ہماری اولین ترجیحات میں بدامنی کا خاتمہ بھی شامل ہے سندھ کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کےلئے سابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے 22 دورے کئے لیکن اس منصوبے سے جو فائدہ سندھ کو ملنا چاہئے تھا وہ نہیں مل رہا جس پر ہمیں اعتراضات ہیں اور اس متعلق ہم نے اے پی سی اور متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کردیا ہے جبکہ چین میں سی پیک کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں بھی تحفظات بتائیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment