اتوار, 24 نومبر 2024


چوہدری نثار کا وزیراعظم بننا ناممکن ہے،منظور وسان

ایمز ٹی وی(کراچی) وزیر صنعت سندھ منظور وسان کا کہنا ہے کہ خواب دیکھا ہے کہ تین دن قربانی ضرور ہوگی لہذا ابھی بھی 2 قربانیوں کا انتظار کیا جائے۔

کراچی میں چینی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا ہے کہ بڑی عید میں بھی 3 دن قربانی ہوتی ہے جب کہ خواب دیکھا ہے کہ 3 قربانیاں ضرور ہوں گی، ایک ہوگئی ہے اور 2 کا انتظار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا وزیراعظم وفاقی کابینہ سے ہی ہوگا لیکن چوہدری نثار کا وزیراعظم بننا ناممکن ہے۔

پرویز رشید کی برطرفی سے متعلق منظور وسان کا کہنا تھا کہ جب کسی کو نکالا جاتا ہے تو پھر بہانہ بنایا جاتاہے اور ڈان لیکس بھی ایک بہانا ہے، وزیراعظم جب تبدیل ہوگا تو ان کی ڈان لیکس سے بھی جان چھوٹ جائے گی۔

اس سے قبل وزیر صنعت سندھ نے چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور چین کے مراسم دوستانہ اور مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، دونوں ممالک نہ صرف ایک دوسرے کے لیے لازم وملزوم ہیں بلکہ مشکل حالات میں بھی ایک دوسرے کے کام آتے ہیں، سی پیک منصوبہ دونوں ملکوں کی دوستی کو بام عروج دے گا، سندھ حکومت چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment