اتوار, 24 نومبر 2024


سندھ کی سیاست میں ایک اور تبدیلی

ایمز ٹی وی(کراچی) وفاقی حکومت نے سندھ میں گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا‘ سابق چیف جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نئے گورنر سندھ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ آج صبح اسلام آباد میں صدرِ مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات میں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ اور بالخصوص کراچی کے معاملات بہتر بنانے کے لیے گورنرسندھ کی تبدیلی ناگزیر ہے لہذا ان کی جگہ سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ تعینات کیا جائے۔

جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس بھی رہے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے کہا کہ ان کے علم میں نہیں ہیں کہ انہیں گورنر سندھ تعینا ت کردیا گیا ہے‘ تاہم ان سے اس عہدےکے لیے عندیہ ضرور لیا گیا تھا۔

موجودہ گورنر سندھ عشرت العباد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے گورنر ہیں اور تیرہ سال انتہائی کامیابی کے ساتھ گزار چکے ہیں۔

یاد رہےکہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی صدارتی انتخابات میں سابق صدر آصف علی زرداری کے مدمقابل مسلم لیگ ن کی جانب سے صدارتی امیدوار بھی رہ چکے ہیں۔

سعید الزماں صدیقی 1 دسمبر 1937ء کو لکھنؤ, حیدر آباد، بھارت میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کے پندرہویں منصف اعظم تھے۔ وہ 1 جولائی 1999ء سے26 جنوری 2000ءتک منصف اعظم رہے۔

سعید الزماں صدیقی نے ابتدائی تعلیم لکھنئو سے حاصل کی۔ 1954ء میں انہوں نے جامعہ ڈھاکہ سے انجنیرنگ میں گریجویشن کی۔ جامعہ کراچی سے انہوں نے 1958ء میں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرعشرت العباد سن 2002 سے گورنر سندھ عہدے پر فائز ہیں اوراس عرصے میں وہ سابق آرمی چیف پرویز مشرف‘ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن کی حکومت کے دوران وفاق کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment