اتوار, 24 نومبر 2024


بھتے کی پرچی دیکر ملزمان باآسانی فرار

 


ایمز ٹی وی(کراچی) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے بھتہ مافیا کیخلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کردیا۔ چیئرمین آباد محسن شیخانی کہتے ہیں کہ کراچی میں بھتہ خور پھرسرگرم ہوگئے، ان کیخلاف کارروائی نہ کی گئی تواپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے،۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں بھتہ خور مافیا پھر سرگرم ہوگئی، بلڈرز کیلئے ناظم آباد اور سرجانی میں سائٹ پر جانا مشکل ہوگیا، چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) محسن شیخانی نے آرمی چیف، کورکمانڈرکراچی اور وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، محسن شیخانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ دنوں گلبہار میں ایک بلڈر کے دفترپرحملہ کا واقعہ نہایت افسوس ناک ہے۔

سلیم چاکلیٹی گروپ کی جانب سے بھتے کی کالز آرہی ہیں جو ایران میں مقیم ہے، سات ایسی شکایات ہیں۔ محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ ہمیں پھر وہی پرانی صورت حال نظر آرہی ہے اسے نہ روکا گیا توحالات پھر قابو سے باہر ہوجائیں گے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ بھتہ خوروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرکے شہر کے بلڈرزاور تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔


یاد رہے کہ گزشتہ روز گلبہار کے علاقے میں بھتہ نہ دینے پر گینگ وار کے مسلح موٹر سائیکل سوار کارندوں نے بلڈر کے دفتر پر دستی بم مارا تھا، مذکورہ بلڈر کو چند ماہ پہلے بھتے کی پرچی ملی تھی۔ تاہم واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور ملزمان حسب سابق باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment