ایمزٹی وی(کراچی)کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی جس میں تفتیشی افسر نے عدالت کو رحمان بھولا سے کی گئی تحقیقات سے آگاہ کیا، تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا کہ عبدالرحمان عرف بھولا نے گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگانے کا اعتراف کرلیا ہے۔
عبدالرحمان بھولا نے جیل میں قید ملزم زبیرعرف چریا کا نام بھی لیاہے اوراعتراف کیا ہے کہ فیکٹری میں آگ ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کے کہنے پر لگائی تھی۔ تفتیشی افسر نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے مزید ریمانڈ کی درخواست کی جسے منظورکرتے ہوئے عدالت نے ملزم عبد الرحمان عرف بھولا کو مزید 10 روز کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔
دوسری جانب عدالت نے ملزم حماد صدیقی کو انٹر پول کی مدد سےگرفتار کرنے کاحکم دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کردیے، کیس کی مزید سماعت 29 دسمبر کو ہوگی۔