ایمزٹی وی(کراچی) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی حامیوں پر مثبت نظر ڈالنی ہو گی ، ڈاکٹر عاصم کے خاندان نے پاکستان بنایا ۔ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے ۔ ”امید ہے ڈاکٹر عاصم کو انصاف ملے گا “۔انور مجید کیساتھ تعلقات سے انکار نہیں تاہم چھاپوں کا وزیر داخلہ سے پوچھا جائے۔
مزار قائد پر حاضری اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور قائد کے خواب کے مطابق پاکستان کو آگے لیکر چلیں گے ۔ پاکستان ہمیشہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا رہا ۔ڈاکٹر عاصم سے رابطے میں رہتا ہوں ۔ پارٹی پالیسی کا اعلان27دسمبر کو کرونگا۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ کی وطن واپسی کیلئے دبئی کے ڈاکٹروں نے اجازت دی یا پنڈی کے ڈاکٹروں نے تو انکا کہنا تھا کہ میرا علاج لندن ، امریکا اور دبئی میں ہوتا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق سفر کرتاہوں ۔
انور مجید کا معاملہ عدالت میں ہے اس پر کچھ نہیں کہوں گا تاہم انور مجید سے تعلقات سے انکار نہیں ۔مزار قائد پرحاضری کے موقع پر انکے ہمراہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے ۔
اس کے فوری بعد وہ جناح ہسپتال میں ڈاکٹر عاصم حسین سے ملاقات کیلئے پہنچ گئے ۔انہوں نے زیر علاج اپنے قریبی ساتھی عاصم حسین کی خیریت دریافت کی اور پھولوں کا گلدستہ بھی دیا ۔