جمعرات, 02 مئی 2024


ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل کے خلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

ایمز ٹی وی (کراچی) متحدہ قومی مومنٹ کی جانب سے کارکن کے قتل کے خلاف ملک بھر میں یوم سوگ جب کہ سندھ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال کے باعث کراچی بھر میں پٹرول پمپس بند جب کہ پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر بھر میں کاروباری مراکز بھی بند جب کہ علی الصبح کھلنے والے ہوٹل اور دکانیں بھی بند ہیں۔ ہڑتال کے باعث کراچی میں نجی اور سرکاری اسکول بھی بند ہیں جب کہ ترجمان جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کر دیئے گئے ہیں اور نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ چیئرمین سندھ تاجر اتحاد کا کہنا ہے کہ آج تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے دوسری جانب کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی ہڑتال کے باعث ٹریفک سڑکوں پر نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی کے علاوہ حیدر آباد، میرپورخاص، سکھر، ٹندو الہ یار سمیت سندھ کے بیشتر شہروں میں بھی کاروبار اور تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ  ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کی جانب سے سوسائٹی سیکٹر کے یونٹ انچارج سہیل احمد کی اغوا کے بعد ہلاکت اور کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف ملک بھر میں سوگ اور سندھ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment