ایمز ٹی وی (شکار پور) لکھی در میں امام بارگاہ میں دھماکے سے کم ازکم 12 افرادجاں بحق جب کہ50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق شکارپور کے علاقے لکھی در میں امام بارگاہ میں دھماکے کے نتیجے 12 افراد جاں بحق جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول اسپتال شکار پور اور دیگر نجی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت نماز جمعہ ادا کی جا رہی تھی اور حادثے کے وقت امام بارگاہ میں تقریبا 300 افراد موجود تھے۔ شکارپور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ طبی عملے کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے شکار پور کے اطراف کے علاقے کا محاصرہ کر کے امام بارگاہ کو سیل کر دیا ہے اور تخریب کاروں کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کر دی ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے امام بارگاہ کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔