ھفتہ, 23 نومبر 2024


ٹریٹمنٹ پلانٹ کی قبضہ کی گئی اراضی واگزار کرانے کا حتمی فیصلہ

 

ایمز ٹی وی(کراچی) ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی کی انتظامیہ نے محمودآباد ٹریٹمنٹ پلانٹ(ٹی پی ٹو) کی قبضہ کی گئی اراضی واگزار کرانے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
ادارہ فراہمی ونکاسی آب نے محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ نزد پارسی کالونی کی اراضی واگزار کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اس ضمن میں واٹربورڈ نے قبضہ کنندگان کو اراضی خالی کرنے کے لیے 3دن کی مہلت دی ہے جبکہ ان کو باقاعدہ قانونی نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ واٹربورڈ کے محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ جوکہ پارسی کا لونی کے قریب واقع ہے کی اراضی ٹریٹمنٹ پلانٹ IIکے لیے مختص ہے اس اراضی کے کچھ حصے پر ٹریٹمنٹ پلانٹ بنا ہوا ہے مذکورہ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والا 46ملین گیلن سیوریج کے پانی کو صاف کرنے کی سہولت ہے، 49.25 ایکڑ زمین سابقہ سٹی نا ظم نے پریڈی اسٹریٹ کے متا ثرین کو کے ایم سی کو نسل کی منظوری سے دی اس پر سندھ ہا ئیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہے اس کے علا وہ با قی40 ایکڑ سے زائد اراضی پر غیرقانونی طریقے سے لینڈ مافیا نے قبضہ کررکھا ہے اس وجہ سے ٹریٹمنٹ پلانٹ IIبند ہوچکا ہے۔
واٹربورڈ اس اراضی کا قانونی مالک ہے اور یہ زمین خصوصی طور پرٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے مختص کی گئی ہے جبکہ نامعلوم افراد اس اراضی کو غیرقانونی طریقے سے خرید اور فروخت کررہے ہیں اور واٹربورڈ کی اراضی پر ناجائز تعمیرات بھی جاری ہیں اس کے معاملات یا لین دین کی بابت کسی بھی قسم کے اختیارات واٹربورڈ نے نہ تو کے ایم سی، کے ڈی اے، لینڈ یوٹیلائزیشن بورڈ آف ریونیو سندھ ، کچی آبادی سندھ اور نہ ہی کسی دوسرے ادارے کو دے رکھے ہیں اور نہ ہی ان اداروں کو واٹربورڈ کی اراضی کے سلسلے میں لیز یا الاٹمنٹ کا اختیار حاصل ہے۔
نوٹس کے مطابق واٹر بورڈ کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ لوگوں نے غیر قا نو نی طور واٹر بورڈ کی زمین کو لیز کرالیا ہے جو کہ غیرقانونی ہے لہٰذا ہر خاص و عام کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ مذکورہ محمود آباد ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اراضی سے متعلق کسی بھی قسم کے معاملات بشمول لیز یا الاٹمنٹ، خریداری نہ کی جائے اور موجودہ قابضین کو 3یوم کا نوٹس دیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر واٹربورڈ کی 40 ایکڑ سے زائد اراضی جو ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے مختص ہے خالی کریں، بصورت دیگر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لیے واٹربورڈ کی اراضی قانون کے مطابق زبردستی خالی کرالی جائے گی اور غیر قانونی قابضین کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثنا ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے واٹربورڈ کے چیف انجینئر چیف سیکیورٹی آفیسر، ڈائریکٹر لیگل افیئر وایڈمن اورایگزیکٹو انجینئر ٹی پی ٹو کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس ضمن میں ضروری کارروائی مکمل کرلیں ،نوٹس کی میعاد گزرنے کے بعد ٹی پی ٹو کی اراضی پر غیر قانونی قبضہ اور ناجائز تعمیرات کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment