ایمز ٹی وی (کراچی) کالعدم پیپلزامن کمیٹی اورلیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کے زیر اثر لیاری اورملیر کے بیشتر علاقوں پر بابا لاڈلا گروپ نہ صرف قابض ہوگیا بلکہ مبینہ طور پرپولیس کی سرپرستی میں جوئے اورمنشیات کے اڈوں پر بھی قبضے کر کے اپنے کارندوں کے ذریعے گھناؤنا کاروبار کر رہا ہے۔
لیاری گینگ وار کے سابق سربراہ عبد الرحمٰن بلوچ عرف رحمان ڈکیت اور اس کے بھائی عبد الرحیم عرف کانا کے بیٹے بھی لیاری میں بابا لاڈلا اور رؤف بلوچ کے گروپ کے ساتھ سرگرم ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ لیاری اور ملیر کے ان علاقوں جہاں کچھ عرصہ قبل تک عذیر بلوچ گروپ کا قبضہ تھا ان علاقوں میں اب نور محمد عرف بابا لاڈلا، رؤف ناظم اور غفار ذکری عرف سائیں گروپ کا قبضہ ہو چکا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لیاری کے علاقے افشانی گلی اور ریکسر لائن میں رؤف ناظم گروپ کے کارندے قابض ہیں جبکہ عذیر بلوچ گروپ جس کے پاس کچھ سال قبل تک پورے لیاری کا قبضہ تھا اب صرف سنگو لائن، سربازی محلہ ، سعید آباد اور عمر لائن رہ گئے ہیں۔ بغدادی کے علاقے علی محمد محلہ میں غفار ذکری عرف سائیں کے کارندے قابض ہو گئے ہیں جبکہ چاکیواڑہ اور کلری کے بیشتر علاقوں میں نور محمد عرف بابا لاڈلا گروپ کا اثر ہے۔ ملیر سٹی کے علاقے داؤد گوٹھ بابا لاڈلا گروپ کے غفور چھوٹو اس کے بھائی سکندر عرف سکہ اور سجاد عرف گولو اور بھانجوں کا قبضہ ہے۔
غفورچھوٹو کا لیاری گینگ وار کے ساتھ ساتھ بی ایل اے سے بھی تعلق ہے، غفور چھوٹو کا ایک بھانجہ زبیر گزشتہ دنوں ملیر سٹی پولیس کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہوا تھا جسے اس کے ساتھی زخمی حالت میں لے کر فرار ہوگئے تھے تاہم جب وہ علاج معالجے کے لیے جناح اسپتال گیا توپولیس کے ہاتھوں پکڑاگیا۔ ملیرسالار گوٹھ میں بابا لاڈلا گروپ سے تعلق رکھنے والے 2 ہم شکل جڑواں بھائی قابض ہیں اور جوئے، سٹے اور منشیات کا اڈا چلا رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ لیاری گینگ وار کے سابق سرغنہ عبد الرحمٰن بلوچ عرف رحمان ڈکیت نے 3 شادیاں کی تھیں، اب اس کی بیویوں میں سے ایک سے شاہ فیصل اور ایک سے شاہ فیض نے شادی کر لی تھی، ذرائع نے بتایا کہ عبد الرحمٰن بلوچ کا ایک بیٹا لیاری میں بابا لاڈلا گروپ میں شامل ہو گیا اور بہت جلد اس کو گروپ میں اہم عہدہ ملنے کی توقع ہے جبکہ عبد الرحمٰن بلوچ کے بھائی عبد الرحیم بلوچ کے بیٹے اکبر بلوچ نے رؤف ناظم گروپ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔