ایمز ٹی وی(کراچی)ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار مزید سات ملزمان کے ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی گئی ۔
نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے مزید سات ملزمان کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کی، جوعدالت نے منظور کرلی۔
عدالت میں ملزمان توصیف ،رضوان ، ممتاز، وجیہ الرحمن، فیضان، نعیم اور زبیر برگر کو پیش کیا گیا، ملزمان کو رینجرز کی سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے لیگل ایڈ وکلا کو چیمبر سے باہر نکال دیا گیا۔
گزشتہ روز بھی عدالت نے ملزم فیصل محمود عرف موٹا، فرحان شبیر عرف ملا، نادر شاہ، عبید کے ٹو،عامر سلیم عرف سرکٹا، امتیاز، کاظم رضا رضوی، عبدالقادر ہنگورو اور ندیم احمد عرف مچھڑ کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
عدالت نے دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام میں عبید کے ٹو کے ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے گلبرگ پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ملزم عبدالقادر ہنگورو پر زبیر، کریم اور پولیس اہلکار چمن کو کلری تھانے کی حدود میں قتل کرنے کا الزام بھی ہے۔
عدالت نے ملزم نادر شاہ کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے پر اس کے اہلخانہ سے ملاقات کرانے کی اجازت بھی دی۔
اس سے قبل بھی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے پانچ کارکنوں کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا