بدھ, 01 مئی 2024


تحریک انصاف یادگار شہداء کے تقدس کا خیال رکھے اور شوق سے جلسہ کرے، الطاف حسین

لندن سے جاری بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنماؤں ، کارکنوں اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے مکینوں کے مابین افسوسناک واقعے سے مجھے دلی صدمہ پہنچا ہے، میں اس واقعہ کا الزام کسی کو دینا نہیں چاہتا کیونکہ میری نیت نیک ہے اور میں پرامن اورمنصفانہ طورپر الیکشن کا انعقاد چاہتا ہوں۔ ملک کی دو قومی جماعتوں میں اور جمہوریت میں زبانی کلامی محاذ آرائی و تنقید و حمایت کا سلسلہ جاری رہتا ہے لیکن دونوں یا زیادہ جماعتوں کو اپنے اختلافات کو دشمنی کا رخ نہیں دینا چاہیے اور ایسا ماحول پیدا نہیں ہونے دینا چاہیے کہ جیسے دو مخالف قوتیں آپس میں لڑرہی ہوں یامخالف ممالک کے عوام آپس میں دست و گریباں ہورہے ہوں۔

الطاف حسین نے کہا کہ کیا تحریک انصاف اور پورے پاکستان کو نہیں معلوم کہ جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں ایم کیوایم کے 20 ہزار شہداء کی یاد گار ہے اور ہزاروں لوگ وہاں شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کرتے ہیں، اگر تحریک انصاف کے لوگ جناح گراؤنڈ کے علاوہ کسی اور جگہ جلسہ کریں تواس سلسلے میں جو تعاون ایم کیو ایم سے ہوسکا وہ ہم کریں گے لیکن اگر وہ بضد ہیں کہ وہ جناح گراؤنڈ ہی میں جلسہ کریں گے تو ہمیں اس بات کا موقع دیا جائے کہ ہم یادگارشہداء کی حفاظت کے لئے مناسب انتظامات کرسکیں اور تحریک انصاف سے بھی ہم یہ گزارش کریں گے کہ وہ یادگار شہداء اور اس کے تقدس کا خیال رکھیں اور شوق سے جناح گراؤنڈ میں جلسہ کریں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment