ھفتہ, 18 مئی 2024


شہر قائد میں مون سون بارشوں کا آغاز

ایمزٹی وی (کراچی)کراچی کے علاقوں گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ اور آئی آئی چند ریگر روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ گجرات، سیالکوٹ اور مری میں بھی بادل برسے جس سے گرمی کا زور کچھ کم ہوگیا۔ ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بالائی پنجاب اور کشمیر میں آج سے جبکہ خیبر پختو نخوا، فاٹا، گلگت بلتستان، اورجنوبی پنجاب میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔ جمعرات تک جاری رہنے والے مون سون بارشوں کے اس سلسلے میں کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویژن، خیبر پختو نخوا اور کشمیر کے برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کمشیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کا بھی خدشہ ہے جبکہ سندھ اور مشرقی بلوچستان کو بارش کیلئے جمعہ تک انتظار کرنا پڑےگا۔
ادھرصوبہ خیبر پختو نخوا میں گرمی کی شدت برقرار ہے، پشاور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات خیبر پختو نخوا کے مطابق صوبے کے بیشتر مقامات پر آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا مکان ہے۔ ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن اور پشاور سمیت چند میدانی اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment