بدھ, 27 نومبر 2024


ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا افتتاح

 

ایمز ٹی وی(کراچی) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ 27 جولائی کو ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا افتتاح کردیا جائے گا،شہر میں مختلف جگہوں پر کھڑے کئے جانے والے تمام آئل ٹینکرز ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل پر منتقل کئے جائیں گے،توقع ہے کہ آئل ٹینکرز مالکان ہم سے تعاون کریں گے،افتتاحی تقریب کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں یہ بات انہوں نے منگل کے روز سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز کے ہمراہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کا دورہ کرتے ہوئے کہی،میئر نے ٹرمینل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں آئل ٹینکرز مالکان ، ڈرائیوروں اور دیگر متعلقہ افراد کے لئے فراہم کی گئی سہولیات دیکھیں اور افسران کو ضروری ہدایات دیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز کی پارکنگ کے لئے اب یہ ٹرمینل ہر لحاظ سے تیار ہے ، امید ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کے فعال ہونے سے کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کا دبائو کم ہوگا جبکہ ٹینکرز مالکان اور ڈرائیوروں کو بھی اپنے روزمرہ امور میں سہولت ملے گی، انہوں نے کہا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل پر فائربریگیڈ اسٹیشن ، ڈسپنسری ، ریسکیو یونٹ اور کینٹین قائم کردی گئی ہے جبکہ ٹینکرز کی پارکنگ کے لئے مخصوص کی گئی وسیع جگہ کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس اور ٹینکرز ریپیئرنگ کی شاپس سمیت دیگر سہولتیں بھی مہیا کی گئی ہیں

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بنائے گئے نظام کے تحت آئل ٹینکرز کی فلنگ کے لئے چھ ٹائم زون مقرر کئے گئے ہیں اور ہر چار گھنٹے کے بعد آئل ٹینکرز کو فلنگ کے لئے بھیجا جائے گا،سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے اس موقع پر کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آئل ٹینکرز کی منتقلی میں بھرپور مدد فراہم کر رہے ہیں۔ میئرنے کہا کہ ٹرمینل میں 2375آئل ٹینکرز پارک کرنے کی گنجائش جبکہ 10 ہزار افراد کے لئے مختلف قسم کا انفرااسٹرکچر دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ ٹرمینل میں 128 بیت الخلاء ، پولیس چوکی، ٹائر شاپس، مساجد، وضو خانے، ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور ڈرائیورز کے آرام کرنے کے لئے جگہ بھی مختص کی گئی ہے یہ منصوبہ مجموعی طور پر 150 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں 120 ایکڑ رقبہ آئل ٹینکرز کی پارکنگ کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment