ھفتہ, 23 نومبر 2024


بابائےقوم کی 69ویں برسی، سیاسی و عسکری شخصیات کی مزار قائد پر حاضری

 

ایمزٹی وی(سندھ)بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 69ویں برسی کے موقع پر سیاسی و عسکری شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی ہے
تفصیلات کے مطابق بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 69 ویں برسی کی مناسبت سےگورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی وسیم اختر اور ڈی جی رینجرزسندھ میجر جنرل محمد سعید سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
اس کے علاوہ پاک بحریہ کے کیڈٹس کی جانب سے قرآن خوانی بھی کی گئی۔
گورنر سندھ محمد زبیرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بابائے قوم کی برسی ہے یہاں حاضری دینا ہم سب کا فرض ہے۔آج ملک کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے پاکستان بابائے قوم کے خواب پر پورا اترےگا، ملک کی ترقی کے لیے معاشی ترقی بہت اہم ہے، قائد اعظم نے جس طرح کا پاکستان سوچا تھا ہمیں اس پر کام کرنا ہوگا، ہم قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کرکے ہی ملک کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں ہم سب کو مل کر قائد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ قائد کے خیالات پر سیاسی لیڈروں کو بھی چلنا ہوگا، انتظامی مسائل ہر جگہ ہوتے ہیں انہیں حل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، وزیر اعلیٰ نے کہا آئی جی سندھ سے کوئی تنازع نہیں، عدالتی احکامات کے مطابق کام ہورہا ہے ،عدالت کا معاملہ تھا وہیں سے فیصلہ آیا اور ہم نے عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
مزارقائد پرحاضری کے بعد میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ آج کے دن بہت بڑے لیڈر ہم سے جدا ہوئے،یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم قائداعظم کے احکامات پر پورا نہیں اتر رہے، میری پاکستانی نوجوانوں سے گزارش ہے کہ بابائے قوم کی تعلیمات پرعمل کریں

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment