ز ٹی وی (کراچی ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ کراچی کے کھیلوں کے میدان آباد اور اس کے اجالے بحال ہو رہے ہیں ، دہشت گردی کو قدم قدم پر شکست دیں گے ، ملکی تاریخ میں یونیورسٹی اولمپکس کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شب کراچی کے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں جاری نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر، سیکریٹری اولمپیئن شہباز سینئر اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت کی باگ ڈور سنبھالی تو ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا لیکن اب حالات بہت بہتر ہیں، کرکٹ کے بعد ہاکی کے میدان آباد ہو رہے ہیں،نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ ملک کے جاں نثاروں کے نام سے کھیلا جا رہا ہے جو خوش آئند ہے . ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال پاکستان ہاکی لیگ کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے جس سے پاکستان کا سافٹ امیچ مزید بہتر ہوگا ،
وہ وقت دور نہیں جب اسکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیز سے با صلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے ۔
انہوں نے نشان حیدر کے نام سے موسوم شاندار ہاکی ایونٹ کر نے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مبارک باد دی ۔
علاوہ ازیں سبکدوش ہونے والے چین کے سفیر سن وی ڈونگ کو دیے گئے الوداعی ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے منصوبوں کے خلاف کچھ لوگ ریشہ دوانیاں کر رہے ہیں، پاکستان اور چین ملکر سی پیک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنا دیں گے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کو عملی شکل دینے کے حوالے سے چینی سفیر کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔
چینی سفیر نے وزیر داخلہ کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال کی بطور وزیر منصوبہ بند ی سی پیک کے حوالے سے کاوشیں اور سی پیک کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے متحرک کردار نا قابل فراموش ہے۔