ھفتہ, 21 ستمبر 2024


کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب اور خطہ کا اہم شہر ہے,گورنرسندھ

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی)گورنر سندھ محمد زبیر سے پاکستان کے لیے نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر ایمون او شاگنیسی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک نیوزی لینڈ باہمی تجارت،صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کلیدی کردار اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی و تجارتی حب اور خطہ کا اہم شہر ہے ،

امن و امان کے قیام کے بعد یہاں سرمایہ کاری کے لیے حالات نہایت سازگار ہیں، نیوزی لینڈ کے سرمایہ کار بھی ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک نیوزی لینڈ اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں جنہیں بین الاقوامی سطح پر سراہا جانا چاہیے ، امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں نیوزی لینڈ اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ ملاقات میں نیوزی لینڈ کے ہائی کمشنر نے کہا کہ کوئی بھی بین الاقوامی کمپنی پاکستان جیسی بڑی مارکیٹ کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اسلام نہ صرف انسانیت کا واضح درس دیتا ہے بلکہ ایک مکمل ضابطہ حیات بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں ملت جعفریہ کے پانچ رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment