ایمز ٹی وی (کراچی) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں ہندو کمیونٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے، کراچی کی طرح ملک کے مختلف شہروں میں ہندو برادری کے لوگ بستے ہیں جو صرف پاکستانی ہیں ۔
میئر کراچی کی حیثیت سے مختلف مذاہب اور عقائد سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مابین مذہبی رواداری ، بھائی چارگی ، اخوت و مساوات بڑھانا میرا فرض ہے جبکہ آئین پاکستان کے تحت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مکمل آزادی اور شہری حقوق حاصل ہیں،یہ بات انہوں نے سنت سترام دھام(Sant Satram Dham )کراچی میں دیوالی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر مکھی ہری لال، پنڈت شام لال شرما، سٹی کونسلر منگلا شرما، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ آج دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے لوگ خوشیاں منا رہے ہیں اور ہم ان کی خوشیوں میں شریک ہیں۔