ھفتہ, 23 نومبر 2024


شرجیل میمن کے امراض کی تشخیص کےلئے میڈیکل بورڈ تشکیل

 

ایمزٹی وی (کراچی)سابق وزیراطلاعات سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے امراض کی تشخیص کےلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراطلاعات سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن پونے 6 ارب روپے کی کرپشن میں نامزد ہونے کے بعد سینٹرل جیل کراچی میں قید ہیں اور گزشتہ ماہ جیل کے اندر ہی ان کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی، جیل سپرٹنڈنٹ حسن سہتو کے مطابق شرجیل میمن کی کمر میں شدید درد اور وہ بخار میں مبتلا ہیں جس کے لئے جیل میں ہی ڈاکٹروں کو طلب کرلیا گیا ہے۔
کیس کی گزشتہ سماعت پر شرجیل میمن کے وکیل نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے لیے درخواست جمع کرادی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ شرجیل میمن شدید علیل ہیں، عدالت اپنی نگرانی میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے، بروقت علاج نا کیا گیا تو شرجیل میمن کی زندگی کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔
سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچو ہو نے عدالت میں میڈیکل بورڈ سے متعلق رپورٹ جمع کرادی ہے جس کے مطابق شرجیل میمن کے امراض کی تشخیص کے لئے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جس کی سربراہی جناح اسپتال کے پروفیسر آرتھو پیڈک ڈاکٹراے آرجمالی کریں گے جب کہ دیگر ممبران میں ڈاکٹرعثمان، ڈاکٹرریاض بیگ اور ڈاکٹرنعیم بلو شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ تعین کرے گا کہ آیا شرجیل میمن کاعلاج جیل میں ہوسکتا ہے یا انہیں اسپتال منتقل کیا جانا چاہئے اور ان کی زندگی کو کوئی خطرہ یا انہیں خصوصی علاج کی ضرورت تو نہیں۔
واضح رہے کہ سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی کرپشن کے کیس میں نامزد ہیں اور انہیں عدالتی حکم پر جیل منتقل کیا گیا ہے جہاں گزشتہ چند دنوں سے ان کی طبیعت مبینہ طور پر ناساز ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment