ایمزٹی وی(کراچی)یوم پاکستان 23 مارچ کے حوالے خصوصی تقریبات کیلیے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزارکی تزئین وآرائش اور صفائی کا کام شروع کردیاگیا ہے۔
23 مارچ کو یوم پاکستان پر بانی پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے ہر سال کی طرح خصوصی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں یوم پاکستان پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی مزار قائد پہنچتی ہے امسال تقریبات کو چار چاند لگانے کیلیے مزار قائد کی تزئین وآرائش شروع کردی گئی ہے۔
خصوصی تقریب کو جاذب نظر بنانے کیلیے مزار قائد کے احاطے میں خوشنما موسمی پھولوں کے پودے لگائے جارہے ہیں گزشتہ روز پہلے مرحلے میں تزئین وآرائش اور دھلائی کا کام مزار کے گنبد سے شروع کیا گیا۔ جس کے بعد احاطوں اور فواروں کی صفائی کی گئی۔
مزار قائد کے ریذیڈنٹ انجینئر عارف احمد کے مطابق مزار قائد کی صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے یوں تو آرائش سال بھر جاری رہتی ہے مگر قومی تقریبات کو شاندار بنانے کے لیے کچھ اضافی اقدامات اٹھائے جاتے ہیں ۔
عارف احمد کے مطابق تزئین وآرائش اور صفائی کے کاموں میں60 ملازمین مامور ہیں بابائے قوم کے مزار پر طویل عرصے سے کام کرنے والے عمررسیدہ باغبان رئیس احمد کے مطابق دوران کام ان کے دل ودماغ میں ہمیشہ یہ احساس فخر کی صورت میں اجاگر رہتا ہے کہ وہ عظیم ہستی اور برصغیر پا ک وہند کے مسلمانوں کے نجات دہندہ کی آخری آرام گاہ کے ایک ادنیٰ سے خادم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کئی گھنٹوں تک کڑی دھوپ میں کام کرنے کے باوجود ان سمیت مختلف ذمے داریوں پر مامور ملازمین ہر قسم کی تھکن کے احساس سے عاری رہتے ہیں۔
مزار قائد کے تزئین وآرائش پر مامور کارکن شاہد کے مطابق مزار میں لہلہلاتے پھولوں کے یہ رنگ دراصل ان کے خلوص اور عقیدت کے ہیں تزئین وآرائش کے دوسرے مرحلے میں مزار قائد کے بیرونی حصے میں موجود فواروں کی مشینوں کے ذریعے صفائی جبکہ خارجی اور داخلی دروازوں کا رنگ وروغن ،بانی پاکستان کی قبر کے گرد نصب جالیوں اور چین کی جانب سے پاکستان کو تحفے میں دیے گئے فانوس کی صفائی کا کام مکمل کیاجائے گا۔
مزار قائد انتظامیہ کے مطابق دوران تزئین وآرائش عام شہریوں کا مزار قائد پر حاضری کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے۔