ھفتہ, 23 نومبر 2024


راؤ انوار پھر سے غائب، عدالت نے حاضر ہونے کاحکم صادر کردیا

 

ایمزٹی وی (کراچی)کراچی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں ڈی ایس پی قمراحمد سمیت 10 پولیس اہلکار عدالت میں پیش کردیئے گئے تاہم راؤ انوار کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا۔
راؤ انوار کی عدم پیشی سے متعلق عدالت کے استفسار پر ایس پی انویسٹی گیشن ملیر عابد قائم خانی نے کہا کہ راؤ انوار کو انسدادِ دہشت گردی کی منتظم عدالت میں پیش کیاجارہا ہے انہیں اگلی سماعت پر پیش کردیا جائے گا، عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ راؤ انوار کو یہاں پیش کیا جائے۔
نقیب اللہ قتل کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم راؤ انوار سمیت دیگر مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ گزشتہ روز ملزم راؤ انوار کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے کراچی لایا گیا تھا۔
معطل سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سپریم کورٹ میں پیش ہوئے تھے جہاں چیف جسٹس کے حکم پر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ بعد ازاں انہیں کراچی لایا گیا اور سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں بٹھا کر ملیر کینٹ تھانے منتقل کردیا گیا۔
ملزم راؤ انوار پر جعلی مقابلے میں نقیب اللہ سمیت 4 افراد کے قتل اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے کا الزام ہے۔ راؤ انوار 19 جنوری کو جے آئی ٹی کی ٹیم کے روبرو آخری بار پیش ہوئے جس کے بعد راؤ انوار اور ان کے ساتھی فرار ہوگئے تھے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment