ایمزٹی وی(کراچی)مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس سندھ حکومت کی ملکیت ہے، اسے عوام کے لئے میوزیم بنایا جائے گا۔
کراچی میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے سندھ کابینہ نے اقدام اٹھایا ہے، سمندری پانی کو میٹھا کرنے کیلئے ڈی سیلی نیشن پلانٹ لگایا جائے گا، منصوبے کیلئے صوبائی وزراء پر مشتمل کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سیکریٹریٹ میں ہونے والے سندھ کابینہ کے پہلے اجلاس کے حوالے سے وزیر تعلیم سردار شاہ اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں پانی کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے، فیصلہ کیا گیا کہ وزراء پر مشتمل کمیٹی سمندر کے پانی کو میٹھا کرنے کے منصوبے سے متعلق رپورٹ کابینہ میں پیش کرے گی۔
مشیر قانون کا کہنا تھا کہ اگر تحریک انصا ف گورنر ہاؤس کو عوامی مقام کے طور پر تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تو سندھ حکومت اسے میوزیم بنائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ تھرپارکر سمیت سندھ کے صحرائی علاقوں میں قحط جیسی صورت حال کے جائزے کیلئے وزراء پر مشتمل کمیٹی فوری طور پر وہاں کا دورہ کرے گی۔
مشیر قانون نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے نو ماہ کا بجٹ 30 ستمبر تک پیش کیا جائے گا۔