کراچی: کراچی کے مقامی ہوٹل میں مائی کراچی 16 ویں نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو تعلیم و تربیت کی تلقین کرتے ہوئے اپنا سڑکیں بند کرانے والا بیان یاد آگیا۔ان کا کہناتھا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت بہت ضروری ہے، آج اگر کچھ مختلف بات کریں تو لوگ فوراً یاد دلاتے ہیں کہ ہم نے 2 سال پہلے کیا کہا تھا،سوشل میڈیا پر مجھے یاد دلایا جارہا ہے کہ میں تو سب کچھ بند کرارہا تھا۔ صدر مملکت نے فلم کی تعریف والے ٹوئٹ پر لوگوں کے تبصروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فلم دیکھنے کے بعد کمنٹ کیا تو کہا گیا کہ صدر کے پاس تو کوئی کام ہی نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شادی اور الیکشن سے پہلے کئے وعدے ایک جیسے ہوتے ہیں کچھ پورے ہوجاتے ہیں اور کچھ رہ جاتے ہیں،ہم نے جو وعدے کئے انہیں پورا کرنے کی جدوجہد جاری ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے یہ بھی کہا کہ حکومت کاکام کاروبار کرنا نہیں بلکہ تجارت کی راہیں کھولنا اور راستوں کو ہموار کرنا ہے، تاجر برادری پاکستان کی ترقی کا اہم پہیہ ہیں مگر انفراسٹرکچر بہتر ہونے تک سرمایہ کار بھی گھبراہٹ کا شکار رہیں گے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ترکی کی4 کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے جبکہ البانیہ کے صدر نے سرمایہ کاری کے عوض یورپین مارکیٹوں کی رسائی کی پیشکش کی۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کےلئے میں خود متحرک ہوں اور لیاری ایکسپریس وے کو بھی وفاق اون کریگا