کراچی:میئر وسیم اختر نے شارع فیصل پر سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں سے کہا ہے کہ ان کی سہولت اور حفاظت کے لئے موٹر سائیکل لین پر کام شروع کردیا گیا ہے، ٹریفک نشانات اور علیحدہ لین بناکر نشاندہی کی جارہی ہے کہ موٹر سائیکل سوار اس لین کو استعمال کریں لہٰذا وہ اپنی حفاظت اور ٹریفک قوانین کے احترام میں اس لین کو استعمال کریں جو ان کے لئے مختص کی گئی ہے، ٹریفک پولیس موٹر سائیکل لین استعمال نہ کرنے والے موٹر سائیکل سوار کو بھاری جرمانہ کرے گی۔
ان خیا لات کا اظہار انہوں نے شارع فیصل پر موٹر سائیکل سواروں کے لئے مختص کی جانے والی لین کے معائنے کے موقع پر کیا۔ میئر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ نے شارع فیصل کو ماڈل شاہراہ بنانے اور موٹر سائیکل سواروں کے لئے علیحدہ لین مختص کرنے پر کام شروع کردیا ہے اور جلد ہی یہ مکمل ہوجائے گا۔ میٹروپول ہوٹل سے ملیر ہالٹ تک یہ لین علیحدہ کی جارہی ہے جس پر ٹریفک سائن رنگ کی چوڑی پٹی ہوگی، یہ تجربہ کامیاب ہونے کے بعد دیگر معروف سڑکوں پر بھی اس کا نفاذ کیا جائے گا تاہم شہریوں کے لئے بنایا جانے والا کوئی بھی منصوبہ اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک وہ خود تعاون نہ کریں
لہٰذا موٹر سائیکل سوار اپنی لین کو استعمال کریں اس سے ٹریفک نظام بھی بہتر ہوگا اور انہیں خود بھی سہولت ہوگی۔ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ ضرور پہنیں، ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے اقدامات کا مقصد ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں خصوصاً نوجوانوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر میئر وسیم اختر کو بتایا گیا کہ موٹر سائیکل سواروں کے لئے آخری لائن مخصوص کی گئی ہے۔