کراچی:ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ر کن خواجہ اظہار الحسن نے لیبر ڈویژن کے الیکٹرک یونٹ کے نمائندہ اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی نمائندہ جماعت ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایم کیوایم کی جدوجہد میں ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد موجود ہیں جن کے حقوق کے تحفظ کے لیے یہ کوشاں ہے۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ آج ایم کیوایم جن حالات سے گزررہی ہے ہمیں یقین ہے کہ وقت کی یہ بھٹی ہمیں کندن بنا دے گی،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ تاثر قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ ایم کیوایم میں کوئی تقسیم موجود ہے لیکن ہمیں اس کی نفی کرنی ہوگی،کارکن سے لیکر کنوینر تک سب ایم کیوایم کے آئین و قانون کے پاپند ہیں لہٰذا کارکنان کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ تحریک کے قواعد وضوابط کی پاسداری کر یں اور اپنا انفرادی احتساب کریں۔
انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب ہم اپنے اتحاد سے چھوٹے بڑے مسائل حل کرکے اپنا چھینا گیا مینڈیٹ دوبارہ حاصل کرلیں گے۔اجلاس سے رکن رابطہ کمیٹی راشد سبزواری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیبر ڈویژن ایم کیوایم کا اہم ونگ ہے اور اس کے کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں اور اپنے درمیان ناپسندیدہ عناصر کو جگہ نہ دیں۔