ھفتہ, 23 نومبر 2024


ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی چینی بحریہ کی 70 سالہ تقریبات میں شرکت

کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چینی بحریہ کی 70 سالہ تقریبات میں شرکت کی، انہوں نے چین کی بحریہ کے 70 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
 
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ چینی بحریہ کی 70 سالہ تقریبات میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شرکت کی جہاں انہوں نے ہائی لیول سمپوزیم میں خصوصی خطاب کیا۔
 
ترجمان کے مطابق امیر البحر نے ہائی لیول سمپوزیم میں جاپان، ایران، جبوتی، مراکش اور پولینڈ کی بحریہ کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ خطاب کے دوران نیول چیف نے چین کی بحریہ کے 70 سال اور قدیم چینی تہذیب کے 5 ہزار سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
 
پاک بحریہ کے سربراہ نے عالمی امن و استحکام کے لیے اور انٹرنیشنل سمپوزیم کے ذریعے باہمی بحری اشتراک میں چین کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سی ایم ایف اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز کے تحت بحری امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
 
سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ بحر ہند میں حالیہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول خطے میں پاک بحریہ کی امن و استحکام برقرار رکھنے کی کاوشوں کا مظہر ہے۔
 
اس موقع پر چائنیز نیول چیف نے خصوصی طور پر پاک بحریہ کے سربراہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ نیول چیف نے چیئرمین سی ایس آئی سی ہوون منگ سے بھی غیر رسمی ملاقات کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment