کراچی : شہرقائدمیں ہیٹ ویو کاخطرہ منڈلانےلگا، ہیٹ ویو کے اثرات محسوس ہونا شروع ہوگئے اور درجہ حرارت 38 تک جا پہنچا ہے، ہوا میں نمی کم ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کلہ یکم مئی سے تین مئی تک شہر قائد میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی، جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
کراچی میں درجہ حرارت بیالیس ڈگری تک جاسکتا ہے۔
کراچی میں کل سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو کے اثرات آج ہی سے محسوس ہونے لگے ہیں ، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 18 فیصد ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو گھروں سے نکالتے وقت احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت کی ہیں ۔
سندھ حکومت نے بھی ہیٹ ویو سے نمٹنے کےلیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں ، شہر میں ایک سو پندرہ مقامات پر ہیٹ اسٹروک سینٹر قائم کردئیے گئے ہیں جبکہ تیرہ اسپتالوں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری ہے جہاں عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ایک سو پچاسی مقامات پر پانی کی سبیلوں کا انتظام کیا جا رہا ہے، چوبیس مقامات پر موبائل امدادی ٹیمیں موجود ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں رات گئے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، سرگودھا، مظفر آباد اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
سندھ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جیکب آباد میں درجہ حرارت چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، شہید بینظیر آباد، روہڑی، سکھر اور چھور میں پارہ پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔