کراچی: پاکستان ریلویز نے ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا، مسافر ٹرینوں کے کرائے 2 سے ساڑھے 8 فیصد تک بڑھا دیے گئے۔
پاکستان ریلویز کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرین کے کرایوں میں اضافہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق اکانومی کلاس کے کرایوں میں 100 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جبکہ اسپیشل ٹرینوں کے کرائے قراقرم ایکسپریس کے برابر رکھے گئے ہیں، سیلون کے کرائے میں بھی 8 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ہزارہ اورفرید ایکسپریس کے کرائے 14اور 21 اگست سے تیزگام کے برابر ہوں گے۔ کرایوں میں اضافے کا اطلاق ٹرین کی تمام کلاسوں پر ہوگا۔
یاد رہے کہ22 جون کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ ہوگا، کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا جا رہا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ جو ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں ان میں کوئی اضافہ شامل نہیں کیا جائے گا۔