حیدرآباد : پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیونے کہا ہے کہ آرمی چیف کی جانب سے معیشت کی بحالی کے حوالے سے دیا گیا بیان خوش آئند ہے، ملک کے ادارے اور پارلیمنٹ مل کر اس ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔
حکمران ذاتیات کی بات کرتے ہیں جبکہ بلاول بھٹو نے ہمیں کسی کی ذاتیات پر بات کرنے سے منع کیا ہے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
اس موقع پر ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کنٹونمنٹ بورڈ کے تین ارکان سید جمیل رضوی، سید راحت نسیم اور شاہد مسیح نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، پریس کانفرنس میں صغیر قریشی اور حیدر شاہانی بھی موجود تھے۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جب بھی کبھی ملک سیاسی یا معاشی بحران میں آیا ہے تو فوج نے اپنا کردار ادا کیا ہے، مولابخش چانڈیو نے کہا کہ حکمران دن بدن پاکستان کی سیاست پر بوجھ بنتے جارہے ہیں۔
ملک کے ادارے اور پارلیمنٹ مل کر اس ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی کبھی ملک سیاسی یا معاشی بحران میں آیا ہے تو فوج نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔
اب بھی معاشی بحران کے حوالے سے جنرل صاحب نے کہا ہے کہ پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا لیکن یہاں ایک پارٹی دعویٰ کررہی ہے کہ وہ ملک کو خوشحالی کی طرف گامزن کرے گی آج تک ان کا کون سا دعویٰ پورا ہوا ہے۔