کراچی : ملک بھر میں ائیرفورس کے شہیدوں اورغازیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج یوم فضائیہ ملی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔
ملک بھرمیں یوم فضائیہ ملی جوش وجذبے سے منایا جارہاہے، انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے جانبازوں کی قربانیاں فضائیہ کی تاریخ میں نا قابل فراموش ہیں۔
پاک بھارت انیس سوپینسٹھ کی جنگ میں پاک فضائیہ کے ناقابلِ فراموش کردار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سات ستمبر کو یوم فضائیہ ملی جوش وجذبے سے منایاجاتا ہے، یوم فضائیہ یاد دلاتا ہے کہ جب بزدل بھارتی افواج نے اچانک پاکستان پر حملہ کیا تو کس طرح ہمارے جاں باز دلیر شاہینوں نے دشمن کے حملے کو پسپا کرکے وطن عزیزکی آن بان اورشان کو قائم رکھا۔
پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے خلاف اپنی کارروائی چھ ستمبر کی شام کو شروع کی اور سات ستمبرکو شام پانچ بجے سے پہلے دشمن کے تریپن طیارے تباہ کرکے ناقابل شکست فضائی برتری حاصل کی۔
جھپٹ کر پلٹنا ‘پلٹ کرجھپٹنا اورپھر دشمن کو بھاگنے پرمجبورکردینا یہی وہ عزم ہے جسے یومِ فضائیہ کے دن ہمارے شاہین دہراتے ہیں، پاکستانی قوم اپنے جاں بازشاہینوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج کے دن تقریبات کا انعقاد کرے گی، سرکاری عمارات پر پرچم لہرائے جاتے ہیں اور شہدا کی قبروں پر پھول چڑھائے جائیں گے۔
جنگِ ستمبر میں پاک فضائیہ کے اس ہیرو اسکواڈرن لیڈر محمد محمودعالم کو یہ اعزازحاصل ہے کہ انہوں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں سرگودھا کے محاذ پرپانچ انڈین ہنٹرجنگی طیاروں کوایک منٹ کے اندر اندر مار گرایا جن میں سے چارابتدائی تیس سیکنڈ کے اندر مارگرائے گئے تھے اوریہ ایک عالمی ریکارڈ تھا۔ اس مہم میں ایم ایم عالم صاحب ایف 86 سیبرطیارہ اڑا رہے تھے۔
آج کے دن پاکستان ایئر فورس کے جواں سالہ شہید پائلٹ راشد منہاس کی قبر پر بھی حاضری دی جاتی ہے اور پھول چڑھائے جاتے ہیں‘ راشد منہاس نے 20 اگست 1971 کواپنے انسٹریکٹر کی پاک فوج کا طیارہ دشمن سرزمین پرلے جانے کی سازش کو ناکام بناتے ہوئے طیارہ پاکستان کے حدود میں گراکر دشمن کا خواب خاک میں ملا دیا تھا۔