کراچی: سمندری طوفان 6اور7 نومبر کے درمیان بھارت میں گجرات سے ٹکرائے گا جب کہ طوفان آج(منگل)کو کیٹگری 2سے مزید ایک درجہ شدت اختیار کرنے کے بعد کیٹگری 3میں داخل ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 6نومبرتک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کی ہدایت کردی،محکمہ موسمیات کی جانب سے بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ماہا کے حوالے سے جاری 10ویں ایڈوائزری کے مطابق مزید شدت اختیار کرنے والا طوفان ماہا کراچی کے جنوب میں 770کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے جس کے ارگرد 180سے200کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تندوتیزہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ماہا شدت کے درجے کیٹگری ٹو میں داخل ہوچکا ہے جبکہ منگل کی صبح تک یہ کیٹگری 3میں منتقل ہوسکتا ہے،جس کے بعد ممکنہ طورپرسمندری طوفان اپنے سابقہ ٹریک کو تبدیل کرتے ہوئے۔ شمال مشرق کی جانب بڑھے گا اور قوی امکان ہے کہ طوفان ماہا 6اور7نومبر کے درمیان بھارت گجرات سے ٹکرائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان سے کراچی سمیت ملک کے کسی بھی ساحلی مقام کو کوئی خطرہ نہیں ہے،البتہ اس کے اثرات بلندلہروں یا بارش کی شکل میں نمودار ہوسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں کو6نومبر تک کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پر جانے کے حوالے سے گریز کی ہدایت کی ہے