کراچی: سندھ حکومت نے مختلف محکموں میں بھرتی کا اعلان کرتے ہوئے محکموں جات سے خالی اسامیوں کی تفصیلات مانگ لیں۔
یہ بات وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے منگل کو سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ۔سعید غنی نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کو 15 جنوری تک تفصیلات وزیر اعلی ہاؤس میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، صوبے میں اسکولز، ہسپتالوں اور دیگر اداروں میں سہولیات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسامیوں کی تفصیلات بتائی جائیں۔
سندھ کابینہ کے اجلاس میں فوتی کوٹا کے لیے اہلیت پر نظر ثانی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اراکین کو بتایا گیا کہ فوتی کوٹا کے حوالے سے دو کیٹگری ہیں ایک 2 ستمبر 2002ء سے 15 ستمبر 2014ء تک
کے لیے 60 دنوں میں درخواست دیں دوسرا 16 ستمبر 2014ء سے اب تک دو سال کے اندر درخواست دیں۔
اس دوران کابینہ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ جب ان کے محکمے میں کوئی ملازم فوت ہوجائے تو ان کے خاندان کو خط لکھا جائے کہ وہ فوتگی کوٹا حاصل کریں جب بھی کسی کو تقرری کا حکم نامہ دیں تو اس میں بھی فوتگی کوٹے سے متعلق آگاہی دی جائے، فوتگی کوٹا کے تحت دوران ملازمت انتقال کرجانے والے ملازم کے بچے یا بیوہ کو ملازمت دی جاتی ہے اجلاس میں یہ تجویز ملتوی کردی گئی اور چیف سیکریٹری کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس کے لیے مزید تجاویز لے کر آئیں۔