کراچی: وزیراعلٰی سندھ سیدمرادعلی شاہ نےسرکاری ملازمین اور افسران پر پی ایس ایل5 کے مفت ٹکٹس حا صل کرنے پر پابندی عائد کردی، اور اس حوالے سے وزیراعلٰی کے احکامات پر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے حکمنامہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل میچز کے فری پاسز یا ٹکٹس کے حصول کی کوشش کرنے والے افسران کےخلاف سخت کاروائی ہوگی، کوئی افسر و ملازم پی ایس ایل میچز کے پاسز کےلیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رجوع نہ کرے، جس افسر نے پی ایس ایل کا مفت ٹکٹ یا پاس حاصل کیا اس کے خلاف سول سرونٹس ایکٹ کے تحت کاروائی ہوگی۔
وزیراعلی مراد علی شاہ کے احکامات پر تمام محکموں کے انتظامی سربراہان کمشنرز کو خط ارسال کردیا گیا ہے، جس میں تمام محکموں کو احکامات پر یقینی عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ سندھ حکومت کے بعض افسران کی جانب سےپی ایس ایل میچز کےفری ٹکٹس مانگنے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔