منگل, 15 اکتوبر 2024


کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مریض جان کی بازی ہار گئے

 
 
 
کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کرونا وائرس کے 2 مزید مریض جان کی بازی ہار گئے، کراچی میں اب تک کرونا وائرس سے 3 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ کراچی میں کرونا وائرس سے مزید 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، دونوں مریضوں کا انتقال گزشتہ رات ہوا۔
 
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ایک مریض کی عمر 70 سال اور دوسرے کی 83 سال تھی۔ ایک مریض جناح اسپتال اور دوسرا ڈاؤ اوجھا کیمپس میں زیر علاج تھا۔
 
عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ حالیہ اموات کے بعد کراچی میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔
 
صوبائی وزیر اویس شاہ کا قرنطینہ سینٹر کا دورہ
 
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر اویس شاہ نے سکھر کے قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سکھر قرنطینہ سینٹر سے 700 سے زائد افراد گھروں کو روانہ ہوچکے ہیں۔
 
اویس شاہ کا کہنا تھا کہ سکھر قرنطینہ میں ڈاکٹرز نے بھی خدمت انسانی کی مثال قائم کی، اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں اپنے لوگوں کی خدمت کے لیے منتخب کیا۔ کرونا سے بچاؤ اور متاثرہ افراد کے علاج کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔
 
انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور سیکیورٹی اداروں کا حصہ ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے حکومتی احکامات پر عمل کریں۔
 
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 سو 26 ہوگئی ہے۔
 
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ سندھ میں 481، خیبر پختونخواہ میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 2 مریض ہیں۔
 
کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے 11 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، کرونا وائرس کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 28 ہے

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment