کراچی: میٹرک بورڈ کراچی نے سندھ حکومت سے بورڈ میں فوری بھرتیوں کی اجازت مانگ لی ہے۔
بورڈ کے قائم مقام سکریٹری سید محمد علی شائق کی جانب سے ایڈیشنل چیف سکریٹری بورڈز و جامعات علم الدین بلو کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 16 سے لے کر گریڈ 18 تک کی مختلف آسامیوں پر بذریعہ اشتہار بھرتی کی اجازت دی جائے ان آسامیوں میں آڈٹ افسر، ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسٹنٹ ڈائریکٹر سسٹمز، اسٹنٹ ڈائریکٹر نیٹ ورکنگ، اسٹنٹ ڈائریکٹر سافٹ ویئر، اسٹنٹ ڈائریکٹر ویب سایٹ اور دیگر اسامیاں شامل ہیں ۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ان آسامیوں پر بورڈ کے قواعد کے مطابق بھرتیاں ہوں گی جب کہ آڈٹ افسر کی تقرری وزیر اعلی سندھ کی جانب سے ہوگی۔
خط میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ سے کہا گیا ہے کہ وہ ان بھرتیوں کی منظوری کنٹرولنگ اتھارٹی سے لے کر دیں۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل سابق سکریٹری بورڈز و جامعات ریاض صلاح الدین نے بورڈز میں بھرتیوں پر پاپندی عائد کردی تھی اور بورڈز کے سربراہوں کو کنٹریکٹ اور روزانہ اجرتی بنیاد پر بھی بھرتی سے روک دیا تھا جس کی وجہ سے مختلف بورڈز میں ملازمین ریٹائر ہورہے ہیں اور ان کی جگہیں خالی ہورہی ہیں جس کے باعث انتظامی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔