ھفتہ, 27 اپریل 2024


ایجوکیشن بورڈنوابشاہ کی سالانہ امتحانات منعقدکرانےکی تیاری مکمل


نوابشاہ : بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن نوابشاہ نےپہلی مرتبہ میٹرک اورانٹرکےسالانہ امتحانات منعقدکرانےکی تیاری مکمل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نوابشاہ اپنے قیام کے 5سال بعد پہلی مرتبہ میٹرک اور انٹر کے ایک لاکھ 26ہزار 215 طلباء کا امتحانات لے گا۔جس کےلئے بورڈ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔

بورڈ نے میٹرک کے 133اور انٹر کیلئے 77؍ امتحانی مراکز کا انتخاب بھی کرلیا ہے۔ نوابشاہ تعلیمی بورڈ کا قیام 2016ء میں ہوا تھا تاہم اس دوران بورڈ کے کئی چیئرمین رہے لیکن کوئی چیئرمین سالانہ امتحانات نہیں کراسکا مگر اب موجودہ چیئرمین ڈاکٹر محمد فاروق کے دور میں نوابشاہ بورڈ پہلی مرتبہ امتحان کرانے کیلئے تیار ہے۔

بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد فاروق نے بتایا کہ نوابشاہ تعلیمی بورڈ کی حدود میں سکھر بورڈ سے ضلع نوشہرو فیروز کے تعلیمی ادارے، میرپورخاص بورڈ سے سانگھڑ کے تعلیمی ادارے اور حیدر آباد بورڈ سے نوابشاہ کے تعلیمی ادارے شامل ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بورڈ سے 113سرکاری و نجی کالجز جبکہ 430سرکاری و نجی اسکولز الحاق شدہ ہیں فی الحال یہ بورڈ صرف 09مستقل ملازمین کے ساتھ کام کررہا ہے جو مختلف بورڈز سے آئے ہیں جبکہ بورڈ میں آئی بی اے سکھر کے ذریعے بھرتیاں آخری مراحل پر ہیں اور امتحان شروع ہونے سے پہلے ہی اس کی حتمی شکل دی جائے گی اور کچھ اعلیٰ گریڈ 17اور 18کی اسامیوں کو پہلے ہی مناسب امیدواروں کی سفارش کرنے کے لئے سندھ پبلک سروس کمیشن کو بھجوا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امیدواروں اور امتحانی مراکز کا قیام آخری مراحل میں ہے اور ایچ ایس ایس سی کے لئے رول نمبروں کی الاٹمنٹ بھی آخری مرحلے میں ہے، اگر اس مرحلے میں کوئی انتظامی تبدیلی ہوئی تو امتحانات متاثر ہوں گے اور طلبہ اور اساتذہ پریشان ہوجائیں گے ، نئے بورڈ کا دوسرا بجٹ جون میں پیش کیا جائے گا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ بورڈ کی عمارت(کمپلیکس) کیلئے 8؍ ایکڑ زمین حکومت سے مل چکی ہے اور بورڈ کمپلیکس کے لئے نئی ترقیاتی اسکیم کو اے ڈی پی کی نئی فہرست میں شامل کیا جارہا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment