جمعہ, 22 نومبر 2024


سندھ کی جامعات کے 16ڈائریکٹرزفنانس کامستقبل خطرےمیں پڑگیا

کراچی: تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سیکرٹریز بورڈز کی اسامیوں کےٹیسٹ میں ناکام امیدواروں کو لگانےکے اقدام کوکالعدم قرار دینے کے باعث سندھ کی جامعات کے 16ڈائریکٹرز فنانس کا مستقبل خطرےمیں پڑگیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ بورڈز و جامعات اب آئی بی اے ٹیسٹ پاس ناظم امتحانات، سیکرٹریز اور ڈائریکٹر فنانس کے ازسرنو انٹرویوز اور تعیناتی کی سمری تیار کررہا ہےجس کے بعدمحکمہ بورڈز و جامعات نے یونیورسٹیز میں مقرر 16ڈائریکٹرز فنانس کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے

بتایا جاتا ہے کہ محکمہ بورڈز و جامعات نے سابق سیکرٹری بورڈزوجامعات ریاض الدین کے دور میں سال 2019ء میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کے تحت بورڈز کے سیکرٹریز، ناظم امتحانات اور جامعات کے ڈائریکٹرز فنانس کے عہدوں کیلئے ٹیسٹ کرائے اور پاسنگ نمبر 50فیصد رکھے تاہم مخصوص اور من پسند امیدوار کامیاب نہ ہونے کے باعث پاسنگ مارکس گھٹا کر 40 فیصد کردیئے گئے اور 50فیصد نمبرز حاصل کرنے والے امیدواروں کے بجائے اکثریت میں 40فیصد نمبر لانے والے امیدواروں کو ناظم امتحانات، سیکرٹریز اور ڈائریکٹرز فنانس مقرر کردیا گیا۔

جس کےخلاف ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کے عہدے کے کچھ امیدوار عدالت چلے گئے اور عدالت نے تمام ٹیسٹ فیل امیدواروں کی تقرری کالعدم قرار دے کر پاس امیدواروں کے انٹرویوز دوبارہ لینے کے احکامات دیئے اس فیصلے کی روشنی میں بورڈز میں ان کا تقرر تو نہیں ہوسکا مگر جامعات میں تقرر شدہ 16ڈائریکٹرز فنانس کو فارغ کرنے کے حوالے سے محکمہ بورڈز و جامعات نے انھیں فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے

۔ جامعات میں ڈائریکٹرز فنانس کے عہدوں کے لیے 18؍ امیدواروں نے 50؍ فیصد یا اس سے زائد نمبرز لیے تھے مگر صرف 4ٹیسٹ پاس امیدواروں کو ڈائریکٹرز فنانس مقرر کیا گیا تھا جبکہ 12ٹیسٹ فیل امیدواروں کو ڈائریکٹرز فنانس مقرر کیا گیا تھا جن چار ٹیسٹ پاس امیدواروں کو ڈائریکٹرز فنانس مقرر کیا گیا تھا ان میں طارق علی جامعہ کراچی، فہد سلطان شیخ لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی، عادل رشید جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور مجاہد علی شیخ ڈائو یونیورسٹی شامل تھے۔

ٹیسٹ پاس امیدواروں کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود ناکام امیدواروں کے پاسنگ مارکس 50سے کم کرکے 40؍ فیصد کرنے کے اقدام کے باعث سندھ حکومت کی سبکی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ بورڈز و جامعات اب آئی بی اے ٹیسٹ پاس ناظم امتحانات، سیکرٹریز اور ڈائریکٹر فنانس کے ازسرنو انٹرویوز اور تعیناتی کی سمری تیار کررہا ہے جبکہ فیل شدہ تمام ڈائریکٹرز فنانس، سیکرٹریز اور ناظم امتحانات کی تقرری کو منسوخ کرتے ہوئے تمام اسامیاں دوبارہ مشتہر کررہا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment