جمعہ, 22 نومبر 2024


میٹرک اورانٹرکےامتحانات کی تاریخوں کاتعین محکمہ بورڈزوجامعات خودکرے

سندھ کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں پر مشتمل کمیٹی کے سربراہ اور انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے تجویز دی ہے کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات کی تاریخوں کا تعین وزیر تعلیم کے بجائے محکمہ بورڈز و جامعات خود کرے۔

انہوں نے یہ تجویز سیکرٹری بورڈز و جامعات کو بھیجے گئے مراسلے میں دی۔ ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ عرصہ دراز سے حکومت سندھ کا یہ رواج رہا ہے کہ امتحانات کے شیڈول کا فیصلہ وزیر تعلیم کی سربراہی میں اسٹیئرنگ کمیٹی کرتی ہے اور تمام اسکولوں اور کالجوں کے ڈائریکٹرز اور اداروں کے سربراہان اس کمیٹی کے رکن ہوتے ہیں۔

جامعات اور بورڈز کے نگہبان ہونے کی وجہ سے یہ تجویز کیا جاتا ہے کہ اس معاملے کا فیصلہ محکمہ تعلیم کے بجائے جامعات اور بورڈز کے محکمہ کی سطح پر کیا جائے اور سالانہ اور ضمنی امتحانات کے لیے امتحانی شیڈول کو پہلے سے حتمی شکل دے دی جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ عام طور پر فروری یا مارچ میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے اور امتحانات کی تاریخ کا فیصلہ کیا جاتا ہے جس سے طلبہ کو آخری دم تک امتحان کی تاریخوں کے بارے میں شکوک و شبہات اور اندازہ لگا رہتا ہے، اور ان کی امتحانات کی تیاری متاثر ہوتی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment