جمعرات, 21 نومبر 2024


گورنرسندھ نےانڈس یونیورسٹی کےکیریئرفیئرکاافتتاح کردیا

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےانڈس یونیورسٹی کے کیریئر فیئر کا افتتاح کردیا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کسی شعبہ میں ترقی ممکن نہیں اس ضمن میں انڈس یونیورسٹی کا تعلیم کے شعبہ میں اہم کردار ہے انہوں نے کہا کہ جدید و ترقی یافتہ ،مستحکم و خوشحال پاکستان کے خواب کی تعبیر میرے سامنے موجود ہیں، میں یقین سے کہتا ہوں کہ یہ نوجوان اس ملک کا وہ اثاثہ ہیں جو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سب سے بڑے ضامن ہیں یہ ہمارا فخر ہیں اور کل انشاء اللہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرکے پوری قوم کے لئے مزید فخر کا باعث ہوں گے۔

گورنرسندھ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بس مایوس نہیں ہونا، ہمت، حوصلہ اور جوان جذبوں سے مشکل سے مشکل حالات سے مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھنا ہے ، ہم اور آپ مل کر عزم پاکستان کو پورا کریں گے، اور اس ملک کوترقی و خوشحالی کا مسکن بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ملک کا بہترین سرمایہ ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں سے کیسے فائدہ اٹھایا جائے ، تاکہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں تیزی لائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آزادی حاصل ہوئے 75 برس گزرچکے ہیں آپ سب اس بات سے واقف ہیں کہ آج پاکستان تاریخ کے ایک اہم موڑ سے گزر رہا ہے۔یہی وقت ہے کہ ہم ماضی کے فیصلوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے ایک بہتر مستقبل کی بنیاد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے نوجوان مشکل وقتوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،ان نوجوانوں نے مشکل ترین حالات اور انتہائی کم وسائل ہونے کے باوجود ہر شعبہ میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے،مگر یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ تعلیم کے یکساں مواقع نہ ہونے کے سبب ہمیں بیروزگاری ،مساوات اور صحت کے بنیادی مسائل کا آج بھی سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ پروفیشنل لائف میں آنے والے چیلنجز، اور مشکلات کے لئے تیار رہیں ، زمانہ آپ کو آزمائے گا ، آپ نے اپنی ہمت اور حوصلہ سے اس آزمائش میں پورا اترنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس کیریئر فیئر میں شریک کمپنیوں سے بھی یہ کہتا ہوںکہ آپ کے سامنے تراشیدہ ہیرے موجود ہیں، آپ کا اعتماد اور حوصلہ انہیں تراش کر کندن بناسکتا ہے۔

اس لئے انہیں مواقع دیجئے کہ یہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور طریقہ سے اظہار کرسکیں۔آئےے ہم سب ملک کر عہد کریں کہ پاکستان کو خوشحال، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے اپنی اپنی صلاحیتوں کے مطابق بھرپور کوشش کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment