کراچی : جامعہ این ای ڈی کے تحت 205ویں سنڈیکیٹ اجلاس کاانعقاد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
جس میں تعلیمی، انتظامی اور مالی اُمور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں گیمنگ اینڈ اینی میشن پروگرام کے آغاز کی منظوری، سالانہ بجٹ کی سفارشات کی منظوری سمیت 5 چیئرمین کے تقرری کی توثیق اور دو پی ایچ ڈیز کی بھی منظوری دی گئی۔
جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق سنڈیکیٹ اجلاس میں ایک جانب ڈاکٹر عرفان احمد کو شعبہ فزکس، ڈاکٹر علی اسماعیل کو کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر نزہت ارشد کو کیمسٹری، پروفیسر ڈاکٹر علی داد چانڈیو کو شعبہ مٹلرجی اور ڈاکٹر عاطف مصطفے کی چیئرمین انوارمینٹل انجینئرنگ کی حیثیت سے تقرری کی توثیق کی منظوری دی گئی۔
دوسری جانب ثنا عالم شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ساجدہ شیخ شعبہ میٹریل انجینئرنگ کی پی ایچ ڈی کی منظوری دی گئی، ان پی ایچ ڈی اسکالرز کو اس سال اکتوبر میں منعقد ہونے والے کانووکیشن میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا جائے گا۔
اسی اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے ماہر کے لیے طارق حسین جب کہ سینڈیکیٹ کی جانب سے صفی احمد زکائی کے نام کی منظوری بھی دی گئی۔ اس سینڈیکیٹ میں آئی پی پالیسی، بائیو میڈیکل ماسٹرز میں ڈیجیٹل ہیلتھ پروگرام کی منظوری سمیت سینٹر آف کوانٹم اسٹڈیز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اجلاس میں سیکریٹری بورڈز و جامعات مرید راحموں، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل اور سنڈیکیٹ /رجسٹرار سید غضنفر حسین سمیت 20 اراکین نے شرکت کی۔