کراچی: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے زیرِاہتمام سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
جس میں ایسوسی ایشن کے ممبران کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس میں گزشتہ سال کی کاروائی اورآڈٹ رپورٹ کی منظوری لی گئی۔
سالانہ جنرل باڈی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر کموڈور(ر) سلیم صدیقی نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود ہماری ٹیم نے ترقی کے گراف کو نیچے نہیں گرنے دیا۔منفی طرزِ عمل سے انسان اپنے لئے رنج اور دوسروں کے لئے رنجشیں پیدا نہ کرے۔مثبت سوچ کے ساتھ اپنے معاملات چلائیں، درگزر کی عادت ڈالیں اور ہر چیز میں تلخی ڈھونڈنے کی روش ترک کریں۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوارنے اپنے پیغام میں کہا کہ کوویڈنے جہاں معاشی سرگرمیوں اور کاروباری معاملات کو بری طرح متاثرکیا لیکن الحمد اللہ ایسوسی ایشن اور اس سے منسلک ادارے انتظامی اور مالی لحاظ سے بڑی خوش اسلوبی سے چل رہے ہیں۔ نامساعد حالات کے باوجود ہماری ٹیم نے کارکردگی کے معیار کو متاثر ہونے نہیں دیا اور بڑی خوش اسلوبی سے معاملات نمٹائے۔ طویل مدت سے مختلف مد میں زیرِ التوا واجب الادا رقوم اور بقایا جات کی ادئیگیاں کی گئیں۔حتی کہ ایسوسی ایشن کے دفترواقع ایم آر کیانی کی99 سال کی لِیز حاصل کرلی گئی اورسرسید ٹاور اب مکمل طور پر اموبا کی ملکیت ہے۔
ایسوسی ایشن کے اعزازی سیکریٹری جنرل انجینئر محمد ارشد خان نے ایسوسی ایشن اور اس سے منسلک اداروں کی گزشتہ سالوں کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سرسید یونیورسٹی ایک نظریاتی جامعہ ہے جو سرسید احمد خان کے فلسفے کی میراث ہے۔سرسید یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی صف اول کی جامعات میں ہوتا ہے۔چارٹر ایوالیوشن سندھ کی درجہ بندی میں سرسید یونیورسٹی نجی سیکٹر میں سندھ کی اول نمبر کی انجینئرنگ یونیورسٹی قرار پائی ہے۔سرسید یونیورسٹی سے اب تک تقریباََ 24165 ہزار طلباء و طالبات فارغ التحصیل ہوچکے ہیں۔
برانڈڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے سرسید یونیورسٹی کو برانڈ آئیکون آف پاکستان 2022 تفویض کیا گیا۔سرسید یونیورسٹی میں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈبوائزایسوسی ایشن کے سابق صدراور سرسید یونیورسٹی کے پہلے چانسلرانجینئر زیڈ اے نظامی چیئر اور ایسوسی ایشن کے سابق سیکریٹری جنرل انجینئر محمد ذاکر علی خان چیئر قائم کی جائیں گی۔ سرسید احمد خان کا یادگاری سکہ، یادگاری پوسٹل ٹکٹ، 75روپے کے نوٹ پر سرسید احمد خان کی تصویر اور سرسید فلائی اوور ایسوسی ایشن کی کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔اے آئی ٹی گراؤنڈ پر اسپورٹس کملیکس تیار کیا جارہاہے۔